سوال و جواب
اگست 18, 2025اسلامی نظامِ تکافل: ایک بہترین متبادل
اگست 25, 2025سوال و جواب
مفتی محمد ظفر عالم ندوی(استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء)
سوال: اگر ماں کا انتقال ہو گیا اور اس کے پیٹ میں زندہ بچہ ہے تو کیا آپریشن کے ذریعے اس بچہ کو نکالا جا سکتا ہے یا نہیں؟
جواب : ماں کی موت ہو جائے اور آثار بتاتے ہوں کہ جنین زندہ ہے تو فقہاء نے عورت کے آپریشن کی اجازت دی ہے تاکہ بچہ کی جان بچانے کی فکر کی جائے۔
[الموسوعۃ الفقھیۃ الکویتیۃ : 120/16]
سوال: کیا زائد انگلی یا عضو کو کاٹ سکتے ہیں ؟
جواب : اگر کسی شخص کی زائد انگلی یا عضو نکل آئے تو اس کو کاٹا جا سکتا ہے بشرطیکہ ہلاکت کا خطرہ نہ ہو۔
[الفتاویٰ الہندیۃ:360/5]
سوال: کیا معذور یا بیمار شخص کو حیوانات کے اعضاء بوقت ضرورت لگا سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب : بوقت ضرورت ایسے جانوروں کے اعضاء جن کا کھانا شرعاً جائز ہے اور جو شرعی طریقہ پر ذبح کیے گئے ہوں لگانا جائز ہے۔ اسی طرح جان کی ہلاکت یا عضو ضائع ہونے کا قوی خطرہ ہو اور مطلوبہ عضو کا بدل صرف ایسے جانوروں میں ہی مل سکتا ہے جن کا کھانا حرام ہے،یا حلال تو ہے لیکن بطریق شرعی ذبح نہیں کیے گئے ہیں تو ایسی صورت میں ان غیر ماکول اللحم یا ماکول اللحم مگر غیرمذبوح جانوروں کے اعضاء کا استعمال بھی بوقت ضرورت جائز اور درست ہے۔
[الفتاوی الہندیۃ : 354/5]
سوال: اگر کوئی شخص قانوناً کسی مرض کا علاج کرنے کا مجاز نہیں ہے ،لیکن دواؤں اور امراض کے بارے میں واقفیت رکھتا ہے،کیا ایسے آدمی کا علاج کرنا درست ہے؟
جواب : اگر کوئی شخص قانوناً کسی مرض کا علاج کرنے کا مجاز نہیں تو وہ طبیب حاذق نہیں کہلائے گا،لہذا ایسے آدمی کا علاج کرنا درست نہیں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے: أیما طبیب تطبب علی قوم لایعرف لہ تطبب قبل ذلک فأعنت فھو ضامن ۔[ ابوداؤد :[4587
سوال: اگر کوئی مریض علاج کے دوران مرجائے یا اس کو شدید نقصان پہنچے تو ڈاکٹر پر کوئی ضمان لازم آئے گا یا نہیں؟
جواب : ڈاکٹر جس مرض کا علاج کر رہا ہے،وہ قانوناً اس کا مجاز ہے اور اس نے اصول علاج کے مطابق کسی کوتاہی کا ارتکاب نہیں کیا ہے تو بالاتفاق وہ ضامن نہیں ہوگا۔
[زاد المعاد:200/[4
سوال: اگر مرد کو ایڈز(Aids) جیسی مہلک اور متعدی بیماری لگ جائے تو کیا عورت کو مرد کے خلاف دعویٰ تفریق کا حق حاصل ہوگا یا نہیں؟
جواب : ایڈز کا مریض شوہر اپنی بیوی کے حق میں نامرد ہی کے حکم میں ہے وہ مرض کی منتقلی کے خوف سے اس مرد کے ذریعہ داعیہ نفس کی تکمیل نہیں کرسکتی،لہٰذا عورت کو ایسے مرد کے خلاف قاضئ شرعی کے پاس دعویٰ تفریق کا حق حاصل ہوگا۔
[تبیین الحقائق: 25/3]
سوال: کیا حرام اشیاء سے علاج کرنا جائز ہے یا نہیں؟
جواب : اگر کوئی مسلمان طبیب کسی حرام شے سے علاج کو ضروری قرار دے اور کوئی جائز متبادل علاج موجود نہ ہو تو بر بنائے ضرورت حرام اشیاء سے علاج کرنا جائز ہے۔
[تبیین الحقائق: 23/6]
سوال: ٹیسٹ ٹیوب بے بی (Test tube baby) کے ذریعہ شوہر کا نطفہ اور عورت کا بیضہ لے کر بار آور کرنا کیسا ہے؟
جواب : شادی شدہ عورت جو حاملہ نہیں ہوسکتی، اس کے اور اس کے شوہر کے لیے بچہ کی ضرورت ایک جائز مقصد ہے،جس کے لیے مصنوعی بار آوری کا جائز طریقہ اپنا کر علاج کرانا درست ہے۔
[اسلامی فقہ اکیڈمی مکہ مکرمہ کے فقہی فیصلے، ص193/192]
سوال: اگرکوئی اپنے لڑکے پرغصہ ہوکرکہے کہ تیری کمائی میرے لیے حرام ہے اورمرنے کے بعد تم میری قبر پرمٹی نہ ڈالنا، اب اگروہ شخص اپنے بیٹے کی کمائی کھاناچاہے توکیاصورت ہوگی؟ اور بیٹا باپ کی وفات کے بعد کفن دفن میں شریک ہو تو کیا اس کی اجازت ہوگی؟
جواب: اگرکوئی شخص کوئی حلال چیز اپنے اوپرحرام کرلے تواس کے حرام کرنے سے وہ چیز حرام نہیںہوگی ،بلکہ اس کا استعمال اسی طرح جائز اورحلال رہے گا، البتہ قسم کھانے کی وجہ سے قسم توڑنے پرکفارہ لازم ہوگا، لہٰذا باپ بیٹے کی کمائی کھائے اورکفارہ اداکرے، اوربیٹاکفن دفن میں شریک ہو،شرعاًاس کی اجازت ہی نہیں ،بلکہ تاکید و ہدایت ہے۔[شرح التنویر: ۳ج/ص۶۳]
خ خ خ