مسلسل نور برساتا ہوا ماہِ صیام آیا
مارچ 20, 2023مناجات
اگست 25, 2025مقتدِی ہوں مرے مقتدیٰ آپؐ ہیں
ادیب الرحمن غزالی ندوی
آپؐ کے واسطے ہیں یہ ارض و سماں آپؐ کے دم سے ہے رونق دو جہاں
دست بستہ جو مانگی براہیم نے اپنے رب سے دعا وہ دعا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
بے شمار آپؐ کے ہم پہ احسان ہیں آپؐ پر میرے ماں باپ قربان ہیں
عاصیوں کی بھی قسمت سنور جائے گی حق شفاعت کا جس کو ملا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
آپؐ کی ذات کو رفعتیں وہ ملیں نقش پا ہیں زمیں سے تا عرش بریں
رب نے بخشا ہے معراج کا بھی شرف سارے نبیوں کے بھی پیشوا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
ہیں گواہ آسمان و زمیں، بحر و بر دین کامل خدا نے کیا آپؐ پر
مہر ختمِ رسالت سے تزئین کی ابتدا جس کی اور انتہا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
جان امت کے غم میں ہی گھلتی رہی زخم پر یہ زمیں بھی سسکتی رہی
اہل طائف کو پھر بھی نہ دی بد دعا رب کی رحمت کا وہ سلسلہ آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
میرے تن پر ہے چھائی گناہوں کی دھول جاؤں کس منھ سے آخر دیار رسول
دشمنوں کو لگایا گلے آپؐ نے معاف وحشی کو جس نے کیا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
جو تھے بھٹکے ہوئے، راہ پر آگئے اور بیمار دل کے شفا پا گئے
زندگی گر پھنسی ہے بھنور میں تو کیا میری کشتی کے جب نا خدا آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں
تیرے در کا گدا ہوں سوالی ہوں میں پاس کچھ بھی نہیں ہاتھ خالی ہوں میں
ایک نسبت قوی ہے غزالی مری مقتدِی ہوں، مرے مقتدیٰ آپؐ ہیں
مصطفی آپؐ ہیں مجتبی آپؐ ہیں ہر زباں پر ہے جن کی ثنا آپؐ ہیں