نعت رسول ﷺ
اگست 25, 2025زوالِ اُمت کے اسباب
علامہ شبلی نعمانیؒ
لوگ کہتے ہیں کہ یہ بات ہے اب امر صریح
کہ زمانہ میں کہیں عزت اسلام نہیں
آپ چاہیں گے جہاں قوم کو پائیںگے ذلیل
اس میں تخصیصِ عراق و عرب و شام نہیں
یہ بھی ظاہر ہے کہ ہیں مختلف الحال یہ لوگ
کوئی چیز ان میں جو ہو مشترکِ عام نہیں
ایشیائی ہے اگر یہ، تو وہ ہے افریقی
اور کوئی رابطۂ نامہ و پیغام نہیں
لالہ رخ یہ ہے تو زنگی و سیہ فام ہے وہ
یہ سمن بر ہے، وہ موزون و خوش اندام نہیں
اس نے گہوارۂ راحت میں بسر کی ہے عمر
وہ کبھی خوگرِ آسایش و آرام نہیں
وہ ازل سے ہے کمند افگن و شمشیر نواز
اس میں جز عیش کسی چیز سے کچھ کام نہیں
خوان ایواں سے بھی سیری نہیں ہوتی اس کو
اس کو گرنانِ جویں بھی ہو تو ابرام نہیں
اس نے یورپ کے مدارس میں جو سیکھے ہیں علوم
وہ ابھی ابجدِ تعلیم سے بھی رام نہیں
اس قدر فرق تفاوت پہ بھی ہے عام یہ بات
قوم کا دفترِ عزت میں کہیں نام نہیں
پس اگر غور سے دیکھو تو بجز مذہب و دیں
ہم مسلمانوں میں کوئی بھی صفت عام نہیں
ان اصولوں کی بنا پر یہ نتیجہ ہے صریح
سببِ پستیٔ اسلام، جز اسلام نہیں
ان مسائل میں ہے کچھ ژرف نگاہی درکار
یہ حقائق ہیں تماشائے لب بام نہیں
غور کرنے کے لئے فکر و تعمق ہے ضرور
منزلِ خاص ہے یہ راہ گزر عام نہیں
بحثِ مافیہ میں پہلی غلطی یہ ہے کہ آپ
جس کو اسلام سمجھتے ہیں وہ اسلام نہیں
آپ کھانے کو نیا دیتے ہیں پہلے مسموم
پھر یہ کہتے ہیں غذا موجب اسقام نہیں
اعتقادات میں ہے سب سے مقدم توحید
آپ اس وصف کو ڈھونڈیں و کہیں نام نہیں
کون ہے شائبہ کفر سے خالی اس وقت
کون ہے جس پہ فریبِ ہوسِ خام نہیں
آستانوں کی زیارت کے لئے شدِ رحال
اس میں کیا شانِ پرستاری اصنام نہیں
کیجئے مسئلہ شرک نبوت پہ جو غور
کفر میں بھی یہ جہانگیری اوہام نہیں
اب عمل پر جو نظر کیجئے آئے گا نظر
کہ کسی ملک میں پابندیٔ احکام نہیں
اغنیا کی ہے یہ حالت کہ نہیں ہے وہ رئیس
جس کے چہرہ پہ فروغِ مئے گلفام نہیں
نص قرآں سے مسلمان ہیں بھائی بھائی
اس اخوت میں خصوصیتِ اعمام نہیں
یاں یہ حالت ہے کہ بھائی کا ہے بھائی دشمن
کونسا گھر ہے جہاں یہ روش عام نہیں
نہ کہیں صدق و دیانت ہے نہ پابندیٔ عہد
دل ہیں نہ صاف زبانوں میں جو دشنام نہیں
آیت فاعتبروا پڑھتے ہیں ہر روز مگر
علماء کو خبر گردشِ ایام نہیں
الغرض عام ہے وہ چیز جو بے دینی ہے
صاف یہ بات ہے دھوکہ نہیں ابہام نہیں
ان حقائق کی بنا پر سببِ پستیِ قوم
ترک پابندیٔ اسلام ہے، اسلام نہیں