شعبان المعظم کی قدرو فضیلت

ندوۃ العلماء کا مسلک
February 6, 2023
رمضان المبارک-رحمت ِخداوندی کاموسم بَہار
March 20, 2023
ندوۃ العلماء کا مسلک
February 6, 2023
رمضان المبارک-رحمت ِخداوندی کاموسم بَہار
March 20, 2023

شعبان المعظم کی قدرو فضیلت

شعبان المعظم کا مہینہ بڑی خیر و برکت کا مہینہ ہے، لہٰذا خیر وبرکت کے اس مہینہ سے پورا فائدہ اٹھانا چاہیے، اور جتنا ہوسکے نیک کاموں، ذکر و تلاوت اور خیر خیرات کا اہتمام کرنا چاہیے، اس مہینہ کی دعائیں قبول ہوتی ہیں اور عملِ صالح کو بارگاہِ خداوندی میں پہنچایا جاتا ہے۔

اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”شعبان میرا مہینہ ہے، اس مہینہ میں بندوں کے اعمال اللہ تعالیٰ کو پہنچائے جاتے ہیں، اس مہینہ میں جو بندہ بھی تین روزے رکھتا ہے اور افطار کے وقت تین مرتبہ مجھ پر درود بھیجتا ہے تو اس کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں، رزق میں برکت ہوتی ہے، اور قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کو جنت کی اونٹنیوں میں سے ایک اونٹنی پر سوار کرے گا اور جب تک وہ جنت میں نہ داخل ہوجائے اونٹنی پر سے نہ اترے گا“۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ”میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو شعبان سے زیادہ کسی اور مہینہ میں روزہ رکھتے نہیں دیکھا“۔ ایک دوسری روایت میں فرماتی ہیں: ”آپ صلی اللہ علیہ و سلم پورے شعبان روزہ رکھتے تھے، یا شعبان کے چند دنوں کو چھوڑ کر باقی پورا مہینہ روزہ رکھتے تھے“۔]متفق علیہ[

آپ صلی اللہ علیہ و سلم خصوصاً اس ماہ کی پندرہو¤ں رات کا بڑا اہتمام فرماتے تھے، خیر خیرات اور نوافل کے اہتمام کے ساتھ قبرستان بھی تشریف لے جاتے اور اہلِ قبور کے لیے دعا فرماتے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم پندرہویں رات کا تو اتنا اہتمام فرماتے تھے کہ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ اس رات آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھ کو بتا کر نماز پڑھنا شروع فرمایا، اس میں اتنا لمبا سجدہ فرمایا کہ مجھے آپ (صلی اللہ علیہ و سلم) کی موت کا خطرہ معلوم ہوا، میں آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے پاس گئی، آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے تلوے پر ہاتھ رکھا، جب اس میں حرکت ہوئی تو اطمینان ہوا، اور بہت خوش ہوئی۔

خصوصاً شعبان کی پندرہویں رات کو نماز اور دن میں روزہ رکھنا مسنون ہے۔ ایک حدیث میں آتا ہے کہ: اللہ تعالیٰ اس رات آسمانی دنیا پر غروب آفتاب سے صبح صادق تک تجلی فرماتا ہے اور ارشاد ہوتا ہے: جو شخص اپنے گناہوں کو بخشوانا چاہے بخش دوں گا، جو روزی حاصل کرنا چاہے اس کو روزی دوں گا، اور جو کسی مصیبت میں ہو اس کی مصیبت دور کردوں گا، لہٰذا اس رات میں نوافل پڑھنے اور توبہ و استغفار کا اہتمام کرنا چاہیے۔

یہ کتنے افسوس اور محرومی کی بات ہے کہ جس رات اللہ تعالیٰ کی نوازشات کی جھڑی لگی ہوئی ہے‘ بہت سے لوگ توبہ و استغفار، نوافل و خیر خیرات اور روزہ رکھنے کے بجائے پٹاخے چھڑانے اور سیر و تفریح میں وقت گذار کر گناہوں کو بخشوانے، روزی بڑھانے اور مصیبت کو دور کرانے کے بجائے گناہوں کو بڑھانے اور اللہ تعالیٰ کے غضب کو بھڑکانے کا کام کرتے ہیں۔

اس مبارک مہینہ کے گذرتے ہی رمضان المبارک کا وہ مہینہ شروع ہوجائے گا جس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اور جہنم کے دروازے بند کردیے جاتے، اور شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے۔ ماہِ مبارک کا چاند نکلا نہیں کہ مسجدیں بھرجاتی ہیں، بہت سے لوگ اور نوجوان جو کبھی مسجد میں نہیں دکھائی دیتے تھے‘ وہ بڑے ادب کے ساتھ مسجد میں حاضر ہوتے ہیں، اور روزہ و تراویح کا ایسا نورانی ماحول شروع ہوجاتا ہے جس کو ایک عام آدمی محسوس کرتا ہے۔ شعبان المعظم کا مہینہ اسی مبارک مہینہ کی تیاری کرنے کے لیے آتا ہے، نہ کہ سیر و تفریح کے لیے، ’تعمیرحیات‘ کا یہ شمارہ ہمارے قارئین کے ہاتھوں میں اس وقت پہنچے گا جب شبِ برأت قریب ہوگی،گذارش ہے کہ اپنے حلقہئ احباب اور ملنے جلنے والوں کو حقائق سے آگاہ کریں، خرافات سے روکیں اور شعبان المعظم کی وہ قدر کریں جو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا اور کرکے دکھایا ہے۔

شمس الحق ندوی