مسلسل نور برساتا ہوا ماہِ صیام آیا

توفیق دے خدا تو نعمت بھی کم نہیں
March 5, 2023
توفیق دے خدا تو نعمت بھی کم نہیں
March 5, 2023

مسلسل نور برساتا ہوا ماہِ صیام آیا

مولاناسیدمحمدثانی حسنی ندویؒ
زہے قسمت مسلمانو! کہ پھر ماہِ صیام آیا

گنہگاروں کے حق میں بن کے رحمت کا پیام آیا
ادھر سے اِک ہوائے رحمتِ پروردگار آئی

ادھر ابرِ کرم چھاتا برستا صبح و شام آیا
چلے پیمانے لے لے کر مئے عرفاں کے متوالے

نگہ ڈالی جو ساقی نے تو پھر گردش میں جام آیا
نہ پوچھو آج کتنا ہے عمومی فیض ساقی کا

گیا جو تشنہ لب در پر تو وہ پھر شاد کام آیا
جو آیا دورِ جامِ معرفت تو تشنہ کاموں کے

لبوں پر مرحبا اہلاً و سہلاً کا کلام آیا
نظر آیا جسے بھی چاند تو فرطِ مسرت سے

مبارک باد دینے اپنے گھر وہ تیز گام آیا
چلی بادِ بہاری‘ ہو گئے ابوابِ جنت وا

جہنم کے ہوئے دَر بند‘ شیطاں زیرِ دام آیا
زمیں سے آسمانوں تک فضا کتنی ہے نور افزا

کہ جیسے چودھویں کی رات میں ماہِ تمام آیا
ہوا نازل کلام اللہ اسی ماہِ مبارک میں

اسی ماہِ مقدس میں خداوندی نظام آیا
فدا جس پر ہزاروں ماہ‘ صدہا سال‘ لاکھوں دن

وہی ماہِ مبارک قابلِ صد احترام آیا
ہزاروں برکتیں لے کر ہزاروں رحمتیں لے کر

مسلسل نور برساتا ہوا ماہِ صیام آیا
کرے جتنا بھی ناز و فخر اس پر ملتِ بیضا

اسی کے واسطے یہ تحفہئ خیر الانام آیا
تحائف بھیجئے حضرت محمدؐ کو سلاموں کے

خوشا لب پر حضورِ سرورِ عالمؐ کا نام آیا