سوال و جواب
March 20, 2023سوال و جواب
مفتی محمد ظفر عالم ندوی
سوال: کسی مسجد میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے اعتکاف کا کیا حکم ہے؟
جواب: رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے، یعنی محلہ کے اگر کسی نے بھی اعتکاف کیا تو محلہ کے تمام لوگوں کی طرف سے اعتکاف کی سنت ادا ہو جائے گی، اگر کسی نے بھی اعتکاف نہیں کیا تو پورے محلہ کے تمام لوگ ترک سنت کی وجہ سے گنہگار ہوں گے۔ [ہدایہ:ج ۱/ص۲۲۹]
سوال: محلہ میں اگر کئی مسجدیں ہوں تو کیا ہر مسجد میں اعتکاف ہو ناچاہیے، یا کسی ایک مسجد میں بھی اعتکاف کیا جائے تو تمام مسجدوں کی طرف سے کافی ہو جائے گا؟
جواب: بہتر یہی ہے کہ ہر مسجد میں اعتکا ف ہو لیکن اگر کسی ایک مسجد میں بھی اعتکاف ہو تو محلہ کی تمام مسجدوں کی طرف سے کافی ہو جائے گا۔ [ردالمحتار:ج ۲/ص495]
سوال: کیا عورتیں اعتکاف کر سکتی ہیں؟
جواب: عورتیں اپنے گھر میں اعتکاف کر سکتی ہیں لیکن اس کے لیے شوہر کی طرف سے اجازت لینا ضروری ہے، گھر میں کسی ایک گوشہ کو اختیار کیا جائے گا۔ [فتاویٰ ہندیہ:ج ۱/ص۲۱۱]
سوال: اگر مسجد کے احاطہ میں غسل خانہ نہ ہو تو اعتکاف کرنے والا مسجد سے قریب کسی گھر کے غسل خانہ میں جا سکتا ہے؟
جواب: اگر مسجد کے احاطہ میں غسل خانہ نہ ہوتو اعتکاف کرنے والا غسل واجب یا غسل جمعہ کے لیے مسجد سے باہر جا سکتا ہے۔ [اشعۃ اللمعات:ج ۲/ص۱۲۸]
سوال: اگر معتکف کی طبیعت خراب ہو جائے اور ڈاکٹر کے پاس جانا ہو تو کلینک یا ہاسپٹل جانے کی وجہ سے اعتکا ف فاسد ہو جائے گا؟
جواب: ڈاکٹر کا اگر مسجد لانا ممکن نہ ہوتو دن کے کچھ حصہ میں کلنک یا ہاسپٹل جانے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن اگر دن کا زیادہ تر حصہ وہاں رہنا پڑاتو اعتکاف فاسد ہو جائے گا۔[فتاویٰ تاتار خانیہ:ج ۲/ص۲۱۲]
سوال: تنخواہ یا سرکاری وظیفہ لینے کے لیے معتکف کا مسجد سے باہر جانا درست ہے یا نہیں، اگر مجبوراً ہو ا تو کیا اعتکاف فاسد ہو جائے گا؟
جواب: اگر تنخواہ یا وظیفہ پر نا ن و نفقہ اور بنیادی ضروریات کی تکمیل موقوف ہو تو تھوڑی دیر کے لیے جا کر تنخواہ یا وظیفہ لانے کی اجازت ہوگی، اس سے اعتکاف پر اثر نہیں پڑے گا، لیکن اگر اس کے بغیر گذارہ ممکن ہو اور ضروریات پوری ہوجائیں تو اس صورت میں مسجد سے باہر جانے میں اعتکاف فاسد ہو جائے گا۔ [رد المحتار:ج ۳/ص۴۳۴،۵۳۴]
سوال: اعتکاف کرنے والا اگرمقدمہ کی تاریخ کی وجہ سے کچہری چلا جائے تو کیا اس سے اعتکاف فاسد ہو جائے گا؟
جواب:مقدمہ کی تاریخ کی وجہ سے معتکف کو مسجد سے اگر مجبوراً نکلنا پڑے تو وہ گنہگار تو نہیں ہوگا لیکن اعتکاف فاسد ہو جائے گا، ہاں! اگر دن کے کچھ ہی حصہ میں معتکف عدالت سے مسجد لوٹ آیا تو صاحبین کے قول کے مطابق اعتکاف فاسد نہیں ہوگا، بحالت مجبوری اسی قول پر عمل کیا جائے گا۔[مراقی الفلاح:ص/۴۰۹]
سوال: معتکف اگر بیوی سے ضروری بات چیت کر لے مثلاً کھانے اور ضر وری اشیاء کی خریداری کی بات کرے تو کیا اس کی اجازت ہے؟
جواب: حالت اعتکاف میں بیوی سے ضروری باتیں کرنے کی اجازت ہے، لیکن غیر ضروری اور پیارو محبت کی باتیں کرنا مکروہ ہے۔ [رد المحتار:ج ۲/ص۱۸۵]
سوال: اگر اعتکا ف کرنے والا بیڑی وسگریٹ کا عادی ہوتو کیا حالت اعتکاف میں اس کے لیے مسجد سے باہر جا سکتا ہے؟
جواب: بیڑی و سگریٹ پینے کی عادت بری ہے، اسے ترک کرنا چاہیے لیکن اگر شدید مجبوری ہو تو اس کے لیے باہر جانے کی گنجائش ہوگی، محض شوق پو را کرنے کے لیے اجازت نہیں ہوگی، بہتر یہ ہے کہ جب استنجا خانہ کے لیے جائے اسی وقت اس ضرورت سے بھی فارغ ہو جائے۔[حوالہ سابق]
سوال: اگر معتکف کے کسی قریبی عزیز کا انتقال ہو جائے تو نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جانے کی اجازت ہوگی یا نہیں؟
جواب:معتکف کے لیے نما ز جنازہ میں شرکت کے لیے مسجد سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر باہر چلا جائے تو اعتکاف فاسد ہو جائے گا اور قضا کرنی پڑے گی۔
[فتاویٰ تاتار خانیہ: ج۲/ص۴۱۲